78

ان 5 پھلوں کو کھانا گنج پن سے بچائے

کیا آپ کنگھے میں عام معمول سے زیادہ بالوں کو دیکھ رہے ہیں؟ تو آپ تنہا نہیں، درحقیقت دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو عمر بڑھنے پر گنج پن کا سامنا ہوتا ہے۔

اب اس کی وجہ کوئی بھی ذیابیطس، وٹامن کی کمی، تناؤ، نیند کی کمی یا دیگر امراض، مگر ایسا ہوتا ضرور ہے۔

یقیناً گنج پن کی جانب بڑھنا کس کو پسند ہوگا مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ چندپھلوں کو زیادہ کھانا عادت بناکر آپ گنج پن کے خطرے کو ٹال سکتے ہیں؟

برطانیہ کے بیونڈ میڈیکل سینٹر کلینک کے ڈاکٹر بشر بزرہا کے مطابق اگر آپ کو بھی اس مسئلے کا سامنا ہے تو درج ذیل پھلوں کو کھانا عادت بنالیں۔

پپیتا

شٹر اسٹاک فوٹو

کولیگن ایسا پروٹین جو جسم کے لیے بہت ضروری ہوتا ہے جو کہ نہ صرف نئے بالوں کو اگانے میں مدد دیتا ہے بلکہ ان کی مضبوطی اور صحت کو بھی یقینی بناتا ہے۔ عام طور پر جسم میں یہ پروٹین مخصوص امینو ایسڈز سے بنتا ہے جو کہ گائے کے گوشت، چکن، مچھلی، بیج، انڈوں اور دودھ سے بنی مصنوعات میں موجود ہوتے ہیں، مگر اس پروٹین کے بننے کے عمل کے لیے وٹامن سی کی بھی ضرورت ہوتی ہے اور پپیتا میں اس وٹامن کی مقدار کافی زیادہ وہتی ہے جبکہ اس پھل میں پوٹاشیم بھی موجود ہوتا ہے جس کی کمی بھی بالوں کے گرنے کا باعث بن سکتی ہے۔

انناس

شٹر اسٹاک فوٹو

جسم میں گردش کرنے والے فری ریڈیکلز جسم میں خلیات کو نقصان پہنچا کر مختلف امراض اور قبل از وقت بڑھاپے کا باعث بنتے ہیں، مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ بالوں کی جڑوں کو بھی متاثر کرتے ہیں، خصوصاً درمیانی عمر کے افراد میں اس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ ان فری ریڈیکلز سے لڑنے کے لیے جسم کو اینٹی آکسائیڈنٹس کی ضرورت ہوتی ہے اور انناس وٹامن سی، وٹامن بی سی اور دیگر اجزا کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسائیڈنٹس جیسے فلیونوئڈز اور فینولک ایسڈز سے بھرپور پھل ہے۔ یہ اینٹی آکسائیڈنٹس عمر بڑھنے سے بالوں سے محرومی کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔

آڑو

شٹر اسٹاک فوٹو

صحت مند بالوں کے لیے ضروری ہے کہ کھوپڑی میں نمی مناسب مقدار میں ہو، سر میں ایسے غدود ہوتے ہیں جو ایک قدرتی تیل تیار کرتے ہیں جو بالوں کی جڑوں کو نم رکھ کر ان کی نشوونما میں مدد دیتا ہے، اگر اس کی پیداوار متاثر ہو تو بال بھی تیزی سے گرنے لگتے ہیں۔ آڑو اس مسئلے سے نمٹنے میں مدد دیتا ہے کیونکہ اس میں موجود وٹامن اے اور سی بہترین قدرتی موئسچرائزر ہیں۔

کیوی

شٹر اسٹاک فوٹو

اس پھل میں وٹامن اے، وٹامن ای، وٹامن کے اور فلیونوئڈز آکسائیڈنٹس جیے بیٹا کیروٹین، لیوٹین اور دیگر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے، ویسے بھی جس پھل میں وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہو وہ کولیگن بنانے کے لیے بھی بہترین ہوتا ہے، جبکہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بالوں کو نمی فراہم کرتے ہیں۔ اس پھل میں دیگر منرلز جیسے زنک، میگنیشم اور فاسفورس کی موجودگی بھی کھوپڑی میں خون کی گردش کو بہتر کرتے ہیں جس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں۔

سیب

شٹر اسٹاک فوٹو

سیب میں وٹامنز اے، بی اور سی موجود ہوتے ہیں اور یہ سب صحت مند کھوپڑی اور خشکی کی روک تھام کے لیے ضروری ہیں۔ اس پھل میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس فری ریڈیکلز سے مقابلہ کرتے ہیں اور خلیات کو دوبارہ بننے میں مدد دیتے ہیں۔ اس حوالے سے طبی شواہد زیادہ مستحکم تو نہیں مگر صحت مند بالوں کے خواہشمند افراد کے لیے روزانہ ایک سیب کھانے میں کوئی نقصان بھی نہیں۔