قدرتی خوبصورتی سے مالا مال مقامات کو دیکھنے اور وہاں کچھ لمحات گزارنے کی خواہش نہ رکھنے والے افراد اس دنیا میں بہت کم ہوتے ہیں۔ تاہم جو لوگ قدرتی خوبصورتی سے بھرپور مقامات پر نہ جانے کی خواہش رکھتے ہیں دراصل وہ اپنی زندگی اور صحت کے ساتھ غلط کر رہے ہیں۔
نفسیاتی اور ماہرین صحت کی جانب سے ہمیشہ لوگوں کو اچھی صحت کے لیے جہاں ورزش اور اچھی خوراک کا مشورہ دیا جاتا ہے، وہیں ان کی جانب سے لوگوں کو سیر و سیاحت اور کچھ وقت سمندر کنارے، باغیچوں، پہاڑوں کے دامن اور گھنے جنگلات میں وقت گزارنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
قدرتی خوبصورتی سے مالا مال مقامات کے علاوہ ہرے بھرے مقامات، جیسے پارکس اور باغیچوں سمیت دیگر تفریحی مقامات پر وقت گزارنے کو صحت کے لیے اچھا سمجھا جاتا ہے۔ اور اب ایک حالیہ تحقیق سے بھی یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ قدرتی خوبصورتی سے مالا مال مقامات پر وقت گزارنے کے صحت اور زندگی پر حیران کن فوائد ہوتے ہیں۔
برطانوی ریاست انگلینڈ میں ماہرین کی جانب سے کی جانے والی حالیہ تحقیق کے مطابق جو افراد ہفتے میں صرف 2 گھنٹے قدرتی خوبصورتی سے مالا مال اور تفریحی مقامات پر وقت گزارتے ہیں ان کی جسمانی اور ذہنی صحت دوسروں کے مقابلے بہتر ہوتی ہے۔
حکومت انگلینڈ کے تعاون سے کی جانے والی اس تحقیق کے دوران ماہرین نے 20 ہزار افراد کے مسلسل انٹرویوز کیے اور ان سے قدرتی خوبصورتی سے مالا مال یا تفریحی مقامات پر وقت گزارنے کے بعد جسمانی اور ذہنی صحت سے متعلق سوالات کیے۔
پارکس، ساحل سمندر، باغیچوں، ہرے بھرے مقامات اور جنگلات میں وقت گزارنے والے افراد انٹرویو کے دوران زندگی سے مطمئن نظر آئے اور ان کے مطابق وہ خود کو پرسکون، تندرست اور فریش محسوس کر رہے ہیں۔ ماہرین نے ان افراد کے انٹرویوز بھی کیے جنہوں نے ایک ہفتے میں قدرتی خوبصورتی سے مالا مال اور تفریحی مقامات کا دورہ نہیں کیا۔
تفریحی مقامات، پارکس، ساحل سمندر اور ہرے بھرے مقامات کا دورہ نہ کرنے والے افراد زندگی سے غیر مطمئن نظر آئے، ساتھ ہی انہوں نے ذہنی الجھن اور پریشانیوں کا ذکر بھی کیا۔
ماہرین نے لوگوں کے انٹرویوز کے بعد نتیجہ اخذ کیا کہ جو لوگ ہفتے میں 120 منٹ یعنی محض 2 گھنٹے قدرتی خوبصورتی سے مالا مال مقامات پر گزارتے ہیں وہ نہ صرف زندگی سے مطمئن ہوتے ہیں بلکہ ان کی ذہنی و جسمانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ قدرتی خوبصورتی سے مالا مال مقامات میں شہروں کے پارکس، ساحل سمندر، باغیچے، سر سبز مقامات، پہاڑے علاقے اور ہرے بھرے مقامات بھی شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص یومیہ ان مقامات پر نہیں جا سکتا تو کم سے کم ہفتے میں 2 گھنٹے نکال کر ان مقامات پر وقت گزارے اور قدرت کی نعمتوں سے فائدہ اٹھائے۔