192

پاکستان ذمہ دار جوہری ریاست ہے، کسی فریب کا شکار نہیں‘ ترجمان پاک فوج 

اسلام آباد۔پاکستانی فوج کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ انڈیا کو جو چیز روک رہی ہے وہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت ہے تاہم وہ ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔پاکستان کے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا 'چیف آف آرمی سٹاف ایک انتہائی اہم تقرری ہوتی ہے اور فور سٹار وہ رینک ہے جس میں تمام عمر کا تجربہ اور پختگی شامل ہوتی ہے، لہٰذا اس قسم کا غیر ذمہ دارانہ بیان اتنے اہم اور ذمہ دار عہدے والے افسر کو زیب نہیں دیتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا 'انڈیا ہمارا عزم آزمانا چاہتا ہے تو آزما لے لیکن اس کا نتیجہ وہ خود دیکھے گا۔ پاکستان کی جوہری صلاحیت مشرق کی جانب سے آنے والے خطرات کے لیے ہے، جبکہ پاکستان کی جوہری صلاحیت حملے کے لیے نہیں بلکہ دفاع کے لیے ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کو جوہری دھوکا کہنے کے انڈین آرمی چیف کے بیان کو بچکانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار افسر کی جانب سے ایسا غیر ذمہ دارانہ بیان انتہائی نامناسب ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا 'اگر انڈیا روایتی طریقوں سے پاکستان پر غالب آنے کی صلاحیت رکھتا تو اب تک ایسا کرچکا ہوتا، انڈیا کو جو چیز روک رہی ہے وہ ہماری قابل بھروسہ جوہری صلاحیت ہی ہے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا 'ہم ایک پیشہ ورانہ آرمی، ذمہ دار جوہری ریاست اور بیدار قوم ہیں، جو کسی فریب کا شکار نہیں ہے۔