310

بھارت ہمارا عزم آزمانہ چاہتا ہے تو آزما لے ٗ آصف غفور

راولپنڈی۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا جوہری دھمکی کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے ، اس قسم کا غیر ذمہ دارانہ بیان ایک ذمہ داری کے حامل شخص کی جانب سے آرہا ہے،بھارت ہمارا عزم آزمانہ چاہتا ہے تو آزما لے ، ہم پاکستان کے خلاف کسی بھی مس ایڈونچر کا بھارتی فوج کو بھرپور جواب دیں گے۔ہفتہ کے روز بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ چیف آف آرمی سٹاف ایک انتہائی ذمہ دار تقرری ہوتی ہے اور آرمی چیف فور سٹار رینک کا آفیسر ہوتا ہے جسے طویل عمر کا تجربہ اور ذمہ داری ہوتی ہے۔

اس قسم کا غیر ذمہ دارانہ بیان ایک ذمہ داری کے حامل شخص کی جانب سے آرہا ہے جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر بھارت پاکستان کے خلاف کوئی مس ایڈونچر کرتا ہے تو کیا ہوگا؟ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ ان کی چوائس ہے بھارت ہمارا عزم آزمانہ چاہتا ہے تو آزما لے۔ ہم خود اسے دیکھ لیں گے ہم پاکستان کے خلاف کسی بھی مس ایڈونچر کا بھارتی فوج کو بھرپور جواب دیں گے۔ اگر بھارت آزمانا چاہتا ہے تو خود نتیجہ دیکھ لے گا ہمارے پاس جوہری صلاحیت موجود ہے جو کہ مشرق سے درپیش خطرے کیلئے تیار ہے لیکن ہمارے خیال میں یہ دفاع کا ہتھیار ہے نہ کہ ایک چوائس ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ دونوں جوہری ریاستوں کے درمیان جنگ کی گنجائش نہیں ہے اگر بھارت سمجھتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں سے ہمارا عزم مٹا سکتا ہے تو اسے آزما لینا چاہیے اسے روکنے کیلئے ہمارے پاس زبردست جوہری دفاعی صلاحیت موجود ہے یہی وجہ ہے کہ وہ ہمیں سب کنونشنل خطرے اور ریاستی دہشت گردی سے ہمیں نشانہ بنا رہے ہیں لیکن وہ اس محاذ پر بھی ناکام ہوچکے ہیں ہماری ایک پیشہ وارانہ فوج، ذمہ دار جوہری ریاست اور مضبوط قوم ہے انہیں کسی خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔