55

چین بھی خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کا خواہشمند

پشاور۔ قطر کے بعد چین کے سرمایہ کاروں نے بھی خیبر پختوخوا میں سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کردی ہے۔اس سلسلے میں چینی کے سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے سینئر وزیر خیبر پختون خوا برائے سیاحت ثقافت وامورنوجوانان عاطف کیساتھ پشاور میں ملاقات کی۔ملاقات میں سیکرٹری سیاحت سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔سینئر وزیر نے سرمایہ کاروں کو خیبر پختوخوا میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے شمالی علاقہ جات قدرتی حسن سے مالامال ہیں جس کو ترقی دینے کے لئے موجودہ صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتیں خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

حکومت نے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے 11 مربوط سیاحتی زون قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سینئر وزیر نے چینی وفد کو صوبے میں بدھ مت کے ہزاروں سال پرانے مقامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان تاریخی مقامات کو محفوظ بنانے اور ترقی دینے کے لئے 50 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔سینئر وزیر نے وفد کو نئی ویزہ پالیسی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

چائینز وفد نے سیاحت کی ترقی کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہا اور سیاحت کے شعبے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔سینئر وزیر عاطف خان نے سرمایہ کار وفد کو سیکورٹی سمیت ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کی یقین کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا قابل بھروسہ دوست ملک ہیں اور ہمیشہ سخت حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔