47

امام کعبہ پاکستانی حافظ قرآن کے شاگرد

لاہور۔ امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجہنی نے کہا ہے کہ میں نے قرآن پاک پاکستانی استاد سے حفظ کرناسیکھا، میرا دورہ پاکستان ناقابل فراموش ہے، میں پاکستان سے محبتیں اور خوشگوار یادیں لے کر جا رہا ہوں، پاکستان کے عوام نے بہت عزت و احترام اور پیار دیا،کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق امام کعبہ ڈاکٹر عبداللہ عواد الجہنی کے ایوان وزیر اعلیٰ پہنچے پر سردار عثمان بزدار نے پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ امام کعبہ کی آمد ہمارے لئے باعث مسرت ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔

سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔عثمان بزدار نے کہا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہے، سعودی عرب کے بے پایاں تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت کے دور میں سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔۔اس موقع پر امام کعبہ نے کہا پاکستان کے دورے کے دوران بے پناہ محبت اور پیار ملا، میرا دورہ پاکستان ناقابل فراموش ہے میں نے قرآن پاک پاکستانی استاد سے حفظ کرناسیکھا، پاکستان کے عوام سعودی عرب سے بے پناہ لگا رکھتے ہیں۔

امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ امام کعبہ نے اس موقع پر تلاوت قرآن پاک بھی کی اور امت مسلمہ کے اتحاد، یکجہتی، پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی اور امن کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پاکستان آمد پر امام کعبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آپ کی آمدہمارے لیے باعث خیر و برکت ہے، دورہ پاکستان سے باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے۔ڈاکٹر شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے کہا میں پاکستان سے محبتیں اور خوشگوار یادیں لے کر جا رہا ہوں، پاکستان کے عوام نے بہت عزت و احترام اور پیار دیا۔