50

ماڈل ویلیجزکے قیام کیلئے ایک ہزار کنال زمین وقف

پشاور۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ آئین پاکستان ملک کے تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ترقی کے مساوی مواقعوں کی فراہمی کی ضما نت دیتا ہے۔

آئین پاکستان کے تحت پانچ سے سولہ سال تک کی عمر کے بچوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے جامع پالیسیاں وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ اٹھارویں ترمیم سے صوبائی اکائیوں کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور اب صوبے عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ 

انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز پاکستان انسٹیٹوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے سلسلے میں منعقد ہونے والی دو روزہ قومی پارلیمانی مشاورتی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کیا انہوں نے ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ یہ ملک ہماری پہچان ہے اور اس کی ترقی ہم سب کی ترقی وخوشحالی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے اور جب بھی اس ملک پرکوئی مشکل وقت آیا تو پوری قوم نے متحد ہو کر اس کا مقابلہ کیا۔اسد قیصر نے ماڈل ویلیجز کے قیام کاذکر کرتے ہوے کہا کہ اس وقت ملک میں بے سہارا اور یتیم بچوں کی ایک بڑی تعداد تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کو مدِ نظر رکھتے ہوے ماڈل ویلیجز کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ویلیجز کے قیام کے لیے انہوں نے ملک میں کام کرنے والی سماجی تنظیموں کو اکٹھا کیا ہے اور اس منصوبے پر ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ماڈل ویلیجز میں یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے رہائش سکول، کالجز، ہسپتال اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائینگی اور یہ ماڈل ویلیجز چاروں صوبوں کے دارالحکومتوں میں قائم کیے جائینگے۔

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختوں خواہ میں ماڈل ویلیج کے قیام کے لیے انہوں نے ایک ہزار کنال ذ اتی زمین وقف کی ہے۔ انہوں نے اراکین پارلیمنٹ پر اپنے اپنے حلقوں میں فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔