39

پارلیمانی رہنماؤں کے اثاثوں کے آڈٹ کا فیصلہ

اسلام آباد۔الیکشن کمیشن 3 بڑی سیاسی جماعتوں اور پارلیمانی رہنماوں کے اثاثوں کا آڈٹ کرے گا۔ الیکشن کمیشن کے لا ڈیپارٹمنٹ نے طریقہ کار طے کرلیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کا بھی آڈٹ ہوگا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے آڈٹ تین بڑی سیاسی جماعتوں اور پارلیمانی رہنماوں سے شروع کیا جائے گا۔ دیگر رجسٹرڈ جماعتوں اور ارکان کے اثاثوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد پولیٹیکل فنانس ونگ عمل درآمد شروع کردے گا۔ الیکشن کمشن قانونی پہلووں کا جائزہ لے کرآڈٹ منصوبے کی حتمی منظوری دے گا۔جانچ پڑتال کیلئے نیب،ایف آئی اے،ایف بی آر اور اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے بھی معاونت لی جائے گی۔دوسری طرف وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے درمیان رابطہ نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری تاحال نہیں ہوسکی۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے درمیان خط وکتابت کا تبادلہ بھی کیا گیاہے۔ حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے سندھ اور بلوچستان کے 2ممبرز کے تقرر کے لیے 3،3نام بھی سامنے آچکے ہیں۔واضح رہے الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ارکان 26 جنوری کو ریٹائر ہوگئے تھے اورعہدہ خالی ہونے کے بعد 45 دنوں میں نئے ارکان کا تقرر آئینی تقاضا ہے۔