40

نواز شریف کو نقصان پہنچا تو حکومت کو قصوروار سمجھا جائے گا، خورشید شاہ

سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اگر نواز شریف کو کوئی نقصان پہنچا تو حکومت کو قصوروار سمجھا جائے گا۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم صرف ایک جماعت کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہوتا ہے، عمران خان نے خود کو ابھی تک وزیر اعظم نہیں سمجھا، بدقسمتی سے عمران خان کو کنٹینر پر چڑھایا گیا، قائداعظم نے کبھی اردو میں تقریر نہیں کی لیکن قوم نے قائد اعظم کی تقریر اور پیغام کو ہمیشہ سمجھا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، ہم سیاست میں ذاتیات سے ہٹ کر بات کرتے ہیں، ہماری سیاست میں گالم گلوچ نہیں۔ ہم نے ہمیشہ عوام کی بات کی اقتدار کی بات نہیں کی۔ لاہور کے سروسز اور جناح اسپتال میں امراض قلب کا شعبہ ہی نہیں ہے، نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، اگر انہیں کوئی نقصان ہوا تو وہ قتل تصور کیا جائے گا اور حکومت کو قصور وار سمجھا جائے گا۔