دفاعی چیمپئن پاکستان نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس کی قیادت فرحان یوسف کریں گے۔ ٹورنامنٹ 5 سے 14 نومبر تک عمان میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کو گروپ اے میں روایتی حریف بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلادیش، سری لنکا اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
قومی اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹرز عبدالقادر اور حمزہ ظہور، جبکہ بیٹرز عثمان خان، حیات خان، جہانگیر بلال اور حذیفہ احسن شامل ہیں۔
آل راؤنڈرز احمد حسین اور حسنین عباس ڈار بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ فاسٹ بولنگ کی ذمہ داری عبدالسبحان، محمد صائم، علی رضا اور رضوان اللہ سنبھالیں گے، جبکہ محمد حذیفہ اور نقاب شفیق اسپن بولنگ کے شعبے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پاکستان کا پہلا میچ 6 نومبر کو ہوگا
پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز 6 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کرے گا۔ قومی ٹیم 8 نومبر کو روایتی حریف بھارت اور 10 نومبر کو نیپال کے خلاف میدان میں اترے گی۔
گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اب قومی ٹیم عمان میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے میدان میں اترے گی۔
ایونٹ کے سیمی فائنلز 12 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 14 نومبر کو شیڈول ہے۔









