3

فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ: پاکستان نے ٹونگا کو 1-6 سے شکست دے دی

فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول آذربائیجان 2026 میں پاکستان نے ٹونگا کو ایک کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ قومی نوجوان فٹبال ٹیم کی اس کامیابی کو پاکستان فٹبال کیلئے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستانی ٹیم نے ٹونگا کے خلاف عمدہ کھیل پیش کیا اور میچ میں 6 گول اسکور کیے، جبکہ حریف ٹیم صرف ایک گول کرسکی۔

اس سے قبل پاکستان نے ایک ہی دن میں مضبوط حریفوں اردن اور نائیجیریا کے خلاف ایک، ایک گول سے میچ برابر کیے تھے۔ ان مقابلوں کے نتیجے میں قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اپنے ابتدائی دو پوائنٹس حاصل کیے تھے۔

پاکستان فٹبال کیلئے اہم سنگ میل

پاکستان پہلی مرتبہ فیفا کے اس انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول میں حصہ لے رہا ہے۔ ٹونگا کے خلاف کامیابی نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور بین الاقوامی سطح پر تجربے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ احسان اللہ خان نے ایونٹ کیلئے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ ٹیم نے کوالیفکیشن مرحلے میں تین روز کے دوران پانچ میچز کھیلے۔

آذربائیجان میں جاری ایونٹ کی تفصیلات

فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول کا پہلا ایڈیشن 22 سے 31 اکتوبر 2026 تک آذربائیجان میں جاری ہے۔ دارالحکومت باکو کے مختلف مقامات، جن میں ہووسان کمپٹیشن کمپلیکس بھی شامل ہے، مقابلوں کی میزبانی کر رہے ہیں۔

ایونٹ میں 189 قومی فٹبال ایسوسی ایشنز شریک ہیں، جبکہ 2011 یا 2012 میں پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کو شرکت کا موقع دیا گیا ہے۔ منتظمین کو توقع ہے کہ تین ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑی، کوچز اور آفیشلز اس فیسٹیول میں حصہ لیں گے۔

ٹیمیں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر چھ مختلف درجوں میں مقابلہ کر رہی ہیں، جبکہ ٹئیر اے میں سرفہرست رہنے والی ٹیم چیمپئن قرار پائے گی۔

پاکستان کی ٹیم اب ایونٹ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور مزید کامیابیاں حاصل کرنے کیلئے میدان میں اترے گی۔