5

عامر لیاقت نازیبا ویڈیو؛ ملزمہ دانیہ شاہ حاملہ ہے، وکیل کی درخواست پر گرفتاری کا حکم واپس

عامر لیاقت نازیبا ویڈیو کیس میں وکیل کی جانب سے ملزمہ کے حاملہ ہونے کی رپورٹ جمع کرانے پر عدالت نے گرفتاری کا حکم واپس لے لیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت میں مرحوم اینکر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں ملزمہ دانیہ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

ملزمہ کے وکلا نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ جمع کروادی، جس کے بعد عدالت نے ملزمہ کی گرفتاری کا حکم واپس لے لیا۔

وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ حاملہ ہیں اور اس لیے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں۔

مقدمے کی مدعیہ بشریٰ اقبال کے وکیل نے ملزمہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی اور عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ کی میڈیکل رپورٹ کی تصدیق کروائی جائے۔

بشریٰ اقبال ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنا رہی ہے اور گھوم پھر رہی ہے، لیکن عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوسکتی؟   کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 نومبر تک ملتوی کردی۔