130

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر خصوصی دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

سعودی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی اور خطے کی صورت حال پر پاکستان کے اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق وزارت خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں پاک-بھارت کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان وزارت خارجہ میں ملاقات ہوئی — فوٹو بشکریہ دفتر خارجہ

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان وزارت خارجہ میں ملاقات ہوئی — فوٹو بشکریہ دفتر خارجہ

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی کے خاتمے کے لیے سعودی ولی عہد کی جانب سے مصالحت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاک-سعودی سپریم رابطہ کونسل کے تحت دو طرفہ اقتصادی، سیاسی اور سیکیورٹی سے متعلقہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق طے کردہ امور کو معینہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دونوں ممالک کے درمیان تصفیہ طلب امور کو پر امن طریقے سے حل کروانے کے سلسلے میں سعودی حکومت کی جانب سے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اس سے قبل دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ کو پاک ۔ بھارت کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے یکم مارچ کو پاکستان اور بھارت کا دورہ کرنا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا — فوٹو بشکریہ دفتر خارجہ

شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا — فوٹو بشکریہ دفتر خارجہ

تاہم بھارت کی جانب سے امن کی کوششوں کا مثبت جواب نہ آنے کی وجہ سے ان کا دورہ پاکستان چند روز کے لیے مؤخر ہوگیا تھا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ عادل الجبیر کو دورہ پاکستان میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام لے کر آنا تھا۔

پاکستان آمد سے قبل عادل الجبیر کے دورہ بھارت کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا تھا۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جنوبی ایشیا کے دورے کے پہلے مرحلے میں 17 فروری کو پاکستان آئے تھے اور 2 روزہ دورے میں پاکستان کے ساتھ کئی مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے تھے۔

پاکستان کے دورے کے بعد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر 19 فروری کو بھارت پہنچے تھے جہاں ان کے ہمراہ وزیر خارجہ عادل الجبیر اور دیگر بھی شامل تھے۔