109

خیبرپختونخوا میں سکی ایڈونچر ٹوارزم کے فروغ پر اتفاق

پشاور۔خیبرپختونخوا کے سینیئروزیر محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے اور یہاں پرسیاحت کو فروغ دے کر اس کو بین الاقوامی سطح پر برانڈ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

پاکستان ائیر فورس سکینگ کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتی ہے جن کے تجربے کو بروئے کار لاکر خیبرپختونخوا میں 5 نئے اسکینگ ریزورٹس بنائے جائیں گے وہ پاکستان ائیر فورس کے ناردرن ائیر کمانڈ کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر وائس مارشل سرفراز خان سے مالم جبہ اسکی فیسٹول کے حوالے سے بات چیت کررہے تھے ۔ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت بابر خان، سکواڈرن لیڈر اطہر ناصر، گروپ کیپٹن عامر نواز بھی شریک تھے۔

اس موقع پر ائیر وائس مارشل سرفراز خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ائیر فورس پاکستان میں ونٹر سپورٹس کو فروغ دینے کے لیے حکومت کو ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی ۔ سوات میں سیدو ائیر پورٹ کے رن وے کو وسعت دی جائے گی جس کے بعد غیر ملکی سیاحوں کو سوات آمد میں آسانی ہوگی۔ سینئر صوبائی وزیر نے ائیر وائس مارشل کو محکمہ سیاحت کے 20 نئے سیاحتی مقامات کے منصوبے سمیت خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لئے بنائے گئے پلان سے بھی آگاہ کیا۔ 

ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ صوبائی حکومت اور ائیر فورس مل کر پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے اور خیبر پختونخوا میں سکی ایڈونچر ٹوارزم کو فروغ دینے کے لئے تعاون جاری رکھے گی۔