74

وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد

اسلام آباد۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اسلام کا پہلا اصول ہے کہ کسی کی ذاتی زندگی پر پردہ ڈالا جائے ۔

پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے ۔ شہری حافظ احتشام کی جانب سے دائر کر دہ درخواست میں ٹیریان وائٹ میں وزیر اعظم کو نا اہل قرار دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کو ظاہر نہیں کیا، عمران خان نے اپنی بیٹی ٹیریان سے متعلق جھوٹ بولا لہذا وہ صادق و امین نہیں رہے۔ لہذا ان کو نا اہل قرار دیا جائے ۔جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آرٹیکل 63 ایچ اخلاقی معاملات کے بارے میں ہے کیا وہ آپ نے دیکھا ہے ۔

اسلام کا پہلا اصول ہے کہ کسی کی ذاتی زندگی پرپردہ ڈالا جائے۔ عدالت نے کہاکہ آپ جو الزام عائد کر رہے ہیں وہ اخلاقی اقدار سے متعلق ہے۔ ذاتی نوعیت کے الزامات سے متعلق آئین نے طریقہ کار طے کیا ہے۔ 

آپ خود بھی حافظ ہیں، اسلام میں ذاتی زندگی پر پردہ ڈالنے کا حکم ہے،عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست گزار پر برہمی کا ظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ ایسی درخواست آئی توجرمانہ بھی کریں گے۔