56

خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کا فیصلہ اختلافات کا شکار

پشاور۔خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کا فیصلہ اختلافات کا شکارہوگیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع کے لیے وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سے نئے وزار اورمشیروں کے نام بھجوادیے گئے ہیں جبکہ عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ حکومتی عہدوں پرفائزکسی بھی شخص کے رشتہ دارکو صوبائی حکومتوں میں نمائندگی نہیں دی جائے گی۔

اس کے باوجود وفاقی حکومت میں عہدوں پرموجود شخصیات اپنوں کوصوبائی کابینہ میں نمائندگی دینے کی لابنگ میں مصروف ہیں۔ وہ شخصیات نہ وزیراعلیٰ سے رابطوں میں ہیں بلکہ چیئرمین عمران خان سے بھی رابطہ کرچکے ہیں۔پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ دباؤکے باعث وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں توسیع کا فیصلہ فی الوقت روکنے کی ہدایت کردی ہے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کو کابینہ میں توسیع کے معاملے پر خاموش رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے جب صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں ہے کابینہ میں توسیع کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے، جب عمران خان کی جانب سے منظوری دی جائے گی کابینہ میں توسیع کا اعلان کردیا جائے گا۔