صبح اٹھتے ہی اکثر افراد کا دل نہیں کرتا کہ وہ بستر سے اٹھیں یا آسان الفاظ میں کہیں تو ان پر ایسی سستی طاری ہوتی ہے جو کافی دیر تک دور نہیں ہوتی۔
مگر اٹھنے کے ساتھ ہی بستر سے باہر قدم نکالنے سے بھی پہلے یہ کام کرنا سستی کو فوری طور پر دور کردے گا اور دن بھی اچھا گزرے گا۔یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک سائنسی تحقیق میں سامنے آیا۔
ہارورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں ایک ایسا طریقہ کار بتایا گیا ہے جو صبح اٹھتے ہی سستی کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔
تحقیق میں کہا گیا کہ اٹھتے ساتھ ہی آپ اپنے جسم کو جتنا اسکریچ یا کھینچ سکتے ہیں یا یوں کہہ لیں بھرپور قسم کی انگڑائی لیں جس میں ہاتھوں اور پیروں کو جتنا پھیلا سکتے ہیں، پھیلائیں۔اور یہ کام بستر میں رہتے ہوئے ہی کرنا ہے اور محققین کے مطابق یہ صبح کے بہترین آغاز کا انتہائی آسان طریقہ ہے۔
اس طریقہ کار کے پیچھے جو خیال ہے یا تھیوری ہے اسے پاور پوزنگ قرار دیا گیا ہے اور اسے پراعتماد شخص کا پوز بھی کہا جاسکتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ جب آپ اپنے جسم کو جتنا پھیلا سکتے ہیں، پھیلا لیتے ہیں تو دماغ آپ کو بتاتا ہے کہ آپ واقعی پراعتماد ہیں اور ہر کام کو کرسکتے ہیں۔
محققین کے بقول اس سے ذہن اور جسم کو یقین دلایا جاسکتا ہے کہ آپ پہلے سے زیادہ پراعتماد ہوچکے ہیں اور خود کو زیادہ طاقتور محسوس کرنے لگتے ہیں۔
تو صبح کی سستی اٹھانے کا یہ آسان طریقہ آزمانا پسند کریں گے؟ کمنٹس میں بتانا مت بھولیں۔