69

پشاور میں سکیورٹی کیلئے ہزاروں کیمرے لگانے کا منصوبہ

پشاور۔صوبائی دارالحکومت پشاور کے شہری علاقوں کو جدید آلات و ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ بنانے کے لئے سیکورٹی کا اہم منصوبہ ’’سیف سٹی پراجیکٹ‘‘ عنقریب شروع کیا جائیگا۔ اس مقصد کے لئے پولیس کی جانب سے ایکٹ پر کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے جسے بہت جلد منظوری کے لئے صوبائی حکومت کو بھجوادیا جائیگا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے لیس سیف سٹی پراجیکٹ پر کام پچھلی حکومت کے دور میں شروع ہو چکا تھا۔

پراجیکٹ کا بنیادی مقصد ہر قسم کی دہشت گردی اور دیگر جرائم بالخصوص اسٹریٹ کرائم، کارچوری اور موٹر سائیکل کی چوری کا سدباب جدید ٹیکنالوجی اور آلات کے استعمال کے ذریعے یقینی بنانا ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس میں اصلاحات کی بدولت اور جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات کی موجودگی نے ہر اچھے بُرے کو فورس کی نگاہوں میں بے نقاب کردیا ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ ان اصلاحات کا ایک اہم جز اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے یقینی بنانے کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس فورس نے انہی بنیادوں پر اپنی حکمت عملی وضع کی اور دہشت گردوں کی کمر توڑنے میں کامیابی حاصل کی اور صوبے کو اس لعنت سے کافی حد تک نجات دلوائی۔ اس منصوبے کے تحت پشاور کے شہری علاقوں میں مختلف 1000 پوائنٹس پر ہائی ریزالوشن اعلیٰ کوالٹی کے 5 سے 8 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ یہ کیمرے ایسے وینٹیج پوائنٹس؍ مقامات پر نصب کئے جائیں گے جن سے کیمروں کی نظر سے کوئی جرم اور مجرم اوجھل نہیں ہوگا۔ ان کیمروں کی بدولت ہر بُرے ادمی کو اپنے آپ کو کیموفلاج کرنا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہوگا۔ ڈیجیٹلائزیشن پولیسنگ کے عمل سے ہر قسم کے جرائم میں ملوث افراد کی شناخت اور ریکارڈ تک رسائی منٹوں میں یقینی بنائی جائیگی۔ اس منصوبے کے تحت پولیس کا مختلف محکموں کے ساتھ براہ راست نیٹ ورکنگ سے مطلوبہ ریکارڈ تک رسائی آسان ہو جائے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بدولت اب جرم کو چھپانا مجرم کے لیے آسان نہیں رہا۔

کیونکہ اب مہینوں کا کام منٹوں میں محض ایک لمحے میں کیا جاسکتا ہے۔پہلے مرحلے میں اس منصوبے کو صوبائی دارالحکومت پشاور کی سطح پر متعارف کرایا جائیگا۔ بعد میں اسکا دائرہ صوبے کے دوسرے اضلاع تک بڑھایا جائیگا۔اس منصوبے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول براہ راست پولیس کے زیر نگران ہوگا۔ گریڈ 19کا پولیس آفیسر وقار الدین سید آج کل پراجیکٹ ڈائریکٹر کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اُمید کی جارہی ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔