125

خواجہ سراؤں کے تحفظ کیلئے پولیس کی خصوصی کمیٹی قائم

پشاور۔چیف کیپٹل پولیس آفیسر پشاور قاضی جمیل الرحمن نے خواجہ سراؤں کے تحفظ اور اُن کے مسائل حل کرنے کیلئے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے جس میں خواجہ سراء اورسول سوسائٹی کے ممبران بھی شامل ہوں گے۔ اس ضمن میں سی سی پی او پشاور سے خواجہ سراؤں کے بہبود کے لئے کام کرنے والی تنظیم بلیو وینز کے صدر قمرنسیم اورخواجہ سراؤں کی صدر فرزانہ کی سربراہی میں ایک وفد نے پولیس لائن میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال ٗ ایس ایس پی انوسٹی گیشن نثار خان ٗ ایس پی کینٹ وسیم ریاض اور ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق بھی موجو د تھے۔

بلیو وینز کے صدر اورفرزانہ نے پولیس حکام کو خواجہ سراء کمیونٹی کو درپیش سکیورٹی اورعوامی مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جس پر سی سی پی او قاضی جمیل الرحمن نے کہا کہ کیپٹل سٹی پولیس خواجہ سراؤں کو سکیورٹی اورتحفظ کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ، تھانہ پشتہ خرہ کی حدود میں قتل ہونے والے خواجہ سراء کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ تھانہ سربند اور تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں خواجہ سراؤں پر تشددکرنے والے ملزمان کو بھی 24 گھنٹوں کے اندر اندر گرفتار کیا گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ خواجہ سراؤں کے مسائل کے حل کیلئے ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال کی سربراہی میں چار رکنی خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جس میں خواجہ سراؤں اور سول سوسائٹی کے ممبران بھی شامل ہوں گے اس موقع پر سی سی پی او نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام تھانہ جات کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ وہ خواجہ سراؤں کی جانب سے کسی بھی قسم کی شکایات پر فوری طورپر کاروائی عمل میں لائیں اورانہیں ہر ممکن انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔