106

میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان

کوہاٹ۔ایٹا نے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق کل 32978 طلبہ و طالبات نے ٹیسٹ دیاجن میں مردان بورڈ کے طالب علم حضراحمد نے سب سے زیادہ652 نمبر لے کرٹاپ کیا۔ نتائج کے مطابق21 طلبا وطالبات نے 600 سے652 تک نمبر حاصل کرکے ٹاپ ٹوینٹی پوزیشن لے لی۔

ٹاپ ٹوینٹی پوزیشن لینے والوں میں پانچ طالبات بھی شامل ہیں۔ نتائج کے مطابق مردان بورڈ کے طالب علم حضراحمد رول نمبر 51220 نے 652 نمبر لے کر ٹیسٹ میں پہلی ‘ ایبٹ آباد بورڈ کے طالب علم سیدسعدعلی رول نمبر22608 نے 651 نمبر لے کر دوسری جبکہ پشاور بورڈ کے دو طلبا مشال خان رول نمبر 02902 اورمقتصد آفتاب خان رول نمبر03092 نے یکساں 648 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

ایٹا نے گزشتہ روز(اتوار کے روز) صوبے کے سات مراکز میں میڈیکل کالجز میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا تھا۔نتائج کے مطابق ایٹا کے پاس میڈیکل کالجز میں انٹری ٹیسٹ کے لئے کل 38068 اْمیدوار رجسٹرڈ تھے جن میں 5090 غیرحاضر رہے اور یوں 32978 طلبہ و طالبات نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں پانچ اْمیدوراوں کے پیپر نقل وغیرہ کی وجہ سے منسوخ کئے گئے ۔ ٹاپ ٹوینٹی 21 طلبہ و طالبات میں پشاور بورڈ کے دس‘ ایبٹ آباد بورڈ کے پانچ ‘فیڈرل بورڈ کے تین جبکہ بنوں ‘ سوات اور مردان بورڈ کا ایک ایک طالب علم شامل ہے۔

کوہاٹ ‘ ڈیرہ اسماعیل خان اور مالاکنڈ بورڈز سے کوئی بھی طالب علم ٹاپ ٹوینٹی میں نہیں پہنچ سکا۔ نتائج کے مطابق 511 طلبہ و طالبات نے 590 سے500 تک‘ 2160 طلبہ و طالبات نے 499 سے400 تک‘ 3564 نے 399 سے300تک‘ 5342 نے 299 سے200تک‘9765 نے 199 سے100 تک جبکہ 11610 طلبہ و طالبات نے 100 نمبروں سے کم مارکس لئے ہیں۔