59

عالمی دنیا بھارت کے مظالم کا نوٹس لے ‘اسدقیصر

صوابی۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کنٹرول لائن پر پاکستانی علاقے میں دوران پر واز وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی ہیلی کاپٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کر تے ہوئے اسے عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی قرار دیا اور عالمی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی اس جارحیت اور جار حانہ کارروائیوں کا فوری نوٹس لے کیونکہ عالمی دنیا میں کوئی بھی عالمی قانون اس قسم گھناؤنی حرکت کی اجازت نہیں دیتی۔

یہاں صوابی الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن کے پروگرام''رابطہ''میں اظہار خیال کر تے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ بھارتی حکومت اس قسم کے حرکتوں سے اپنے عوام کو بے وقوف بنا کر اپنے ملک میں ہونے والے الیکشن کے لئے ماحول بناتی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مسلمانوں کے حقوق پامال ہو رہے ہیں اور اب پاکستان میں بھی ایسا ماحول بنانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لئے پاکستان کے سر حدات پر شر انگیز کارروائیوں کے علاوہ بے بنیاد پروپیگنڈہ بھی کر رہا ہے ۔

انہوں نے واضح کر دیا کہ صوبہ خیبر پختونخو اور پنجاب میں مقررہ وقت پر بلدیاتی انتخابات ہونگے ہماری حکومت نے جو نیا بلدیاتی نظام رائج کر نے کا جو فیصلہ کیا ہے اس کے لئے اسمبلی میں بل لاکر پاس کرنے کے علاوہ اس کو لاگو کرنے کے لئے ایک پراسز بھی ہو گا اس لئے نئے نظام کو لاگو کرنے میں وقت لگنے سے دونوں صوبوں میں مقررہ وقت پر بلدیاتی انتخابات ہونگے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دونوں صوبوں میں ایک ایسا بلدیاتی نظام لا رہا ہے جس سے صحیح معنوں میں نچلی سطح پر عوام کو اختیارات منتقل ہونے سے ان کے مسائل دہلیز پر حل ہو جائیں گے اور پسماندہ علاقوں میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو جائیگا۔

ا نہوں نے کہا کہ حکومت کی اپنی تر جیحات ہو تی ہے اس وقت ہمارے ملک کو معیشت سمیت دیگر بحرانوں کا سامنا ہے اس لئے پی ٹی آئی حکومت کو سخت فیصلے کرنے ہونگے او ر بہت جلد تمام بحرانوں خاص کر مہنگائی اور بے روزگاری پر جلد قابو پالیا جائیگاانہوں نے کہا کہ حکومت پچاس لاکھ گھروں کے منصوبے پر کام تیز کرنے کے لئے منصوبہ بندی کر رہی ہے جب کہ ہماری حکومت کی عملی اقدامات میں اولین ترجیح روزگار ہے جس پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔

انہوں نے ملک کے عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایسے پالیسیاں بنا رہی ہے جس سے ملک کے عوام نہ صرف خوشحال ہونگے بلکہ بے روزگاری پر بھی قابو پالیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کرنل شیر خان اور رشکئی انٹر چینج کے مابین سی پیک کے منصوبے کے تحت اکنامک زون کے قیام سے بیس لاکھ افراد کو مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع میسر ہونگے اور اس صنعتی زون کا افتتاح رواں سال کے آخر میں کیا جائیگا اسی طرح صوابی میں ملک کا سب سے بڑا سٹیل مل بھی قائم کیا جائیگا جس میں پچیس سو افراد کو روزگار ملیں گے ۔