218

خالد مقبول سمیت ایم کیوایم رہنماؤں کے وارنٹ جاری

کراچی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)کے کنویئنر خالد مقبول صدیقی سمیت متعدد رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ ہفتہ کو کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف میڈیا ہاؤسز پر حملے، جلاؤگھیراؤ، ملکی سالمیت کے خلاف نعرے بازی کے مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی، ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار، ریحان ہاشمی، عامر خان اور فاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے۔

جبکہ پارٹی کے منحرف رہنما شاہد پاشا اور امجد اللہ خان بھی جج کے روبرو حاضر ہوئے،عدالت نے عدم پیشی پر دو مقدمات میں ایم کیو ایم بانی، ایم کیو ایم کنویئنر خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، حیدر عباس رضوی اور سلمان مجاہد بلوچ سمیت دیگر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے حکم دیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 11 اگست تک پیش کیا جائے۔