7

امریکا: جیل میں قید وینزویلا کے سابق صدر مادورو قرآن پاک اوردیگر مذہبی کتب کا مطالعہ کرنے لگے

وینزویلا کے سابق صدر نکولس مادورو امریکی جیل میں قرآن مجید اور انجیل سمیت دیگر مذہبی کتابوں کا مطالعہ کررہے ہیں، جبکہ انہوں نے جیل میں ایک عیسائی پادری اور یہودی ربی سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بروکلن کی جیل میں قید نکولس مادورو نے اپنی زندگی میں ایک نئے روحانی سفر کا آغاز کیا ہے۔ جیل میں ان کے حالات سے واقف متعدد افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت قرآن مجید، انجیل اور دیگر مذہبی کتابوں کے مطالعے میں گزارتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق روحانیت میں طویل عرصے سے دلچسپی رکھنے والے مادورو نے جیل میں مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، جن میں ایک عیسائی پادری اور ایک یہودی ربی شامل ہیں۔

ماضی میں بھی مذہبی عقائد کا اظہار کرچکے ہیں

نکولس مادورو ماضی میں عوامی سطح پر یہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ ان کے آباؤ اجداد یہودی تھے۔ انہوں نے خود کو ایک سفاردی یہودی کمیونٹی کی نسل سے تعلق رکھنے والا قرار دیا تھا، جس نے گزشتہ صدی میں ڈچ اینٹیلیز سے ہجرت کرکے وینزویلا میں سکونت اختیار کی تھی۔

تاہم مادورو کے قریبی افراد کے مطابق گرفتاری سے قبل انہوں نے یہودیت میں اتنی دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔

سیاسی میدان میں مادورو نے وینزویلا کی بڑھتی ہوئی ایوینجلیکل مسیحی برادری کے ووٹ بھی حاصل کیے تھے۔ وہ خود کو عملی کیتھولک قرار دیتے رہے ہیں اور ایک ایسے پادری کے ساتھ قریبی تعلقات رکھتے تھے جو ان کے سوشلسٹ نظریات کا حامی تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مادورو، ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس اور ان کی جانشین ڈیلیسی روڈریگیز بھارتی صوفی گرو ستیہ سائی بابا کے بھی پیروکار رہے ہیں۔

سنگین الزامات کے تحت مقدمے کا سامنا

واضح رہے کہ 63 سالہ نکولس مادورو اس وقت امریکا کی بروکلن جیل میں زیر حراست ہیں۔ ان پر ہزاروں ٹن کوکین امریکا اسمگل کرنے میں سہولت کاری سمیت دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مادورو کو آئندہ سال ان الزامات کے تحت مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا، جبکہ ان کی 70 سالہ اہلیہ سیلیا فلوریس کو بھی اسی فرد جرم میں ملزم نامزد کیا گیا ہے۔