وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبے نے عالمی سطح پر اہم اعزاز حاصل کرلیا، جس پر وزیراعلیٰ نے یہ ایوارڈ منصوبے کے ذریعے گھر بنانے والے افراد کے نام کردیا۔
مریم نواز شریف نے مسقط میں منعقدہ ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی تقریب کے دوران یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا۔ انہیں تقریب میں بطور اسٹیٹ گیسٹ خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام کے تحت دنیا بھر سے صرف پانچ منتخب پروگرامز کو یہ اعزاز دیا گیا، جبکہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبہ دنیا بھر کے 150 سے زائد منصوبوں میں نمایاں قرار پایا۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ایوارڈ وصول کرنے کے موقع پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر رہائش، پائیدار شہری ترقی، بنیادی شہری سہولیات میں بہتری اور قدرتی آفات کے بعد بحالی سمیت غیر معمولی کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کے مطابق اس سال پنجاب کے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کو نمایاں مقام دیا گیا ہے، جس کے تحت ایک سال میں 2 لاکھ گھروں کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔









