3

ہانگ کانگ سکسز کا مکمل شیڈول جاری: پاکستان بھارت ایک ہی گروپ میں شامل

ہانگ کانگ سکسز کے 22ویں ایڈیشن کا مکمل شیڈول جاری کردیا گیا ہے، ٹورنامنٹ کے تمام 25 میچز 30 اکتوبر سے یکم نومبر تک ٹن کوونگ روڈ ریکریشن گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔

ایونٹ میں 12 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان کو گروپ سی میں روایتی حریف بھارت اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستان گزشتہ سال فائنل میں کویت کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل اپنے نام کرچکا ہے اور اس بار بھی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گی۔

گروپ اے میں آسٹریلیا، میزبان ہانگ کانگ، چین اور انگلینڈ شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا کو رکھا گیا ہے۔ گروپ ڈی میں جنوبی افریقا، عمان اور افغانستان شامل ہیں۔

پاکستان 30 اکتوبر کو صبح 7 بج کر 35 منٹ پر متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، جبکہ اسی روز صبح 11 بج کر 15 منٹ پر بھارت کے خلاف اہم میچ کھیلے گا۔

31 اکتوبر کو گروپ مرحلے کے بقیہ میچز کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلہ شروع ہوگا۔ ہر گروپ کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں کپ، دوسرے نمبر کی ٹیمیں پلیٹ جبکہ تیسرے نمبر کی ٹیمیں باؤل سیمی فائنلز میں پہنچیں گی۔

ہانگ کانگ سکسز کا کپ فائنل یکم نومبر کو دوپہر 12 بج کر 10 منٹ پر کھیلا جائے گا۔