2

سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈز کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز اور پاکستان، انگلینڈ و سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے قومی اسکواڈز کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کے مطابق صاحبزادہ فرحان سری لنکا کے خلاف تین ٹی 20 میچز میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی شاہین شاہ آفریدی کے پاس برقرار رہے گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا میچ 13 اکتوبر کو ہوگا۔

15 رکنی ٹی 20 اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، عبدالصمد، ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز، محمد عمران رندھاوا، خواجہ نافع، معاذ صداقت، نسیم شاہ، رضا اللہ، صائم ایوب، محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

دوسری جانب ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں کپتان شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ بابر اعظم، سلمان علی آغا، فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان، نسیم شاہ، حارث رؤف، فہیم اشرف اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں جبکہ باقی لیگ میچز اور فائنل لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

ٹیم مینجمنٹ میں مائیک ہیسن ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ بولنگ کوچ، مائیکل اسمتھ بیٹنگ کوچ اور منصور امجد فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔