6

کے پی میں گورنر راج یا ایمرجنسی؟ وزیراعظم کی زیرصدارت کوئی اجلاس نہیں ہوا

خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت کوئی اجلاس نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر حتمی فیصلہ وزیراعظم اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال وزیراعظم کی زیرصدارت گورنر راج یا ایمرجنسی کے معاملے پر کوئی باضابطہ اجلاس منعقد نہیں ہوا، جبکہ اس حوالے سے مختلف آئینی اور سیاسی آپشنز پر بات چیت جاری ہے۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے امکان پر وفاقی حکومت کے بعض ارکان کے بیانات بھی سامنے آ چکے ہیں، جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے اس کی مخالفت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بھی آج خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے سوال کو قبل از وقت قرار دیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف امریکا اور برطانیہ کا 13 روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور مختلف عالمی رہنماؤں و کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔