5

ایف بی آر کی پالیسیوں اور چھاپوں کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان، طبی مراکز بند رکھنے کی ہدایت

کراچی/اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی مبینہ ہراسانی، چھاپوں، بھاری جرمانوں اور ٹیکس پالیسیوں کے خلاف پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں تمام طبی مراکز اور نجی اسپتال بند رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ پی ایم اے نے نجی اسپتالوں پر پوائنٹ آف سیل  سسٹم نافذ کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ صحت کی بنیادی سہولتوں (ہیلھ کیئر سروسز) کو ریٹیل سیلز قرار دینا کسی صورت قبول نہیں ہے۔

پی ایم اے سینٹرل کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالغفور شورو نے اس حوالے سے شدید احتجاج ریکارڈ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے اسپتالوں پر چھاپے مارنے، جرمانوں اور مبینہ ہراسانی کے اقدامات نے پوری طبی برادری کو سراپا احتجاج پر مجبور کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت اور ایف بی آر سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اسپتالوں پر پوائنٹ آف سیل کی شرط فوری طور پر واپس لی جائے، غیر ضروری اور ظالمانہ جرمانے ختم کیے جائیں، اور طبی اداروں پر چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

پی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں طبی خدمات غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ مطالبات کی منظوری اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے کے لیے آج سہ پہر 3 بجے ملک بھر میں صوبائی اور مقامی قیادت کی جانب سے بیک وقت پریس کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی۔