3

برطانیہ میں رائل ایئر فورس کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار

برطانیہ کے علاقے ویلز میں رائل ایئر فورس (RAF) کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار دونوں پائلٹس زخمی ہوگئے۔

حادثہ اینگلیسی کے قریب پیش آیا، جہاں RAF ویلی سے پرواز کرنے والا T2 Hawk تربیتی طیارہ دورانِ پرواز حادثے کا شکار ہوا۔

حادثے کے وقت دونوں پائلٹس نے ہنگامی صورتحال میں طیارے سے ایجیکٹ کیا، جس کے بعد انہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق دونوں پائلٹس کو بظاہر معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور ان کی حالت کے حوالے سے ابتدائی طور پر تشویش ناک اطلاع سامنے نہیں آئی۔

نارتھ ویلز پولیس کے مطابق حادثے میں کسی دوسرے شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ بڑے پیمانے پر املاک کے نقصان کی بھی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

حادثے کے بعد فائر بریگیڈ سمیت متعلقہ اداروں نے موقع پر کارروائیاں کیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔

رائل ایئر فورس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، تاہم تحقیقات مکمل ہونے تک واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی جائیں گی۔