پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں عالمی نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے، جو گزشتہ 6 ماہ سے ٹاپ پوزیشن پر موجود تھے۔
رینکنگ میں پاکستان کے محمد نواز آٹھویں جبکہ سلمان مرزا 19ویں نمبر پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے 47 درجے ترقی کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی، جبکہ لیام ڈاسن 12 درجے بہتری کے بعد 11ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جبکہ پاکستان کے صائم ایوب دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔









