2

اسلام آباد ہائیکورٹ: پی ٹی آئی احتجاج سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سڑکیں بند کرنے پر پابندی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج اور لانگ مارچ کے خلاف دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا پبلک آفس ہولڈر کو اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے یہ فیصلہ جاری کیا، جس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ سرکاری مشینری سیاسی احتجاج میں استعمال نہ ہو۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ کوئی سرکاری افسر کسی کو احتجاج یا ریلی پر زبردستی مجبور کرنے والے حکم پر عمل نہ کرے اور دباؤ کی صورت میں فوری طور پر چیف سیکرٹری، چیف کمشنر یا آئی جی کو مطلع کرے۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد، آئی جی اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا بھی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے گزشتہ احتجاج کی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔