9

پاکستان کی سہارنپور میں صدیوں پرانی مسجد مسمار کرنے پر شدید مذمت، عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے شہر سہارنپور میں ایک صدی سے زائد پرانی تاریخی مسجد کو مسمار کیے جانے کے واقعے پر شدید تشویش اور سخت مذمت کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پانچ ستمبر کو سہارنپور میں ضلعی کلکٹریٹ کمپلیکس میں واقع تاریخی مسجد کو غیر قانونی قرار دے کر شہید کیا گیا، جو کہ ہندوتوا سوچ اور بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا ایک اور سیاہ باب ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات اور تاریخی اسلامی ورثے کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ مذمت ہے، اور بھارتی حکام کو مذہبی آزادی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔

بیان میں 1992 کے بابری مسجد انہدام کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت میں اقلیتوں کی عبادت گاہیں مسلسل عدم برداشت اور نفرت کا شکار رہی ہیں۔ پاکستان نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی مسلمانوں کے خلاف جاری منظم کارروائیوں کا فوری نوٹس لیں اور ان کے مذہبی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔ دوسری جانب بھارتی حکام کا مؤقف ہے کہ یہ مسجد سرکاری زمین پر تعمیر تھی جسے عدالتی احکامات کی تکمیل کے بعد گرایا گیا، تاہم انتظامیہ کے اس اقدام پر شدید عوامی اور قانونی تنازع کھڑا ہو چکا ہے۔