لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پی ایس ایل فرنچائزز کے درمیان پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کا انعقاد آئندہ سال جنوری میں کرانے کی تجویز پر غور شروع ہوگیا ہے۔
لندن میں منعقد ہونے والی پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس کے دوران لیگ کے ممکنہ شیڈول اور دیگر اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ جنوری میں ٹورنامنٹ کرانے سے غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے کیونکہ اس دوران دیگر ممالک کی بین الاقوامی سیریز اور دیگر ٹی ٹوئنٹی لیگز بھی شیڈول ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں جنوری اور فروری کے دوران شدید سردی اور دھند کے باعث میچز کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں سال اکتوبر اور نومبر میں قومی ٹیم سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی جبکہ مارچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے۔ بین الاقوامی مصمصروفات کے پیش نظر نومبر کے وسط سے لے کر مارچ تک کے دستیاب عرصے کو پی ایس ایل بارہ کے لیے استعمال کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب فرنچائزز اور براڈکاسٹرز کی آمدنی بڑھانے کے لیے سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے، تاہم حتمی تاریخوں کا فیصلہ تمام فریقین کی باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔









