4

ریگل چوک کا نام تبدیل کرکے ختمِ نبوتﷺ چوک رکھنے کا فیصلہ: میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ریگل چوک کا نام تبدیل کرکے اسے ختمِ نبوتﷺ چوک رکھنے کا اعلان کر دیا۔

میئر کراچی نے میونسپل کمشنر اور سٹی کونسل کے اراکین کے ہمراہ ریگل چوک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چوک کی ازسرِ نو تعمیر اور تزئین و آرائش کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ربیع الاوّل کے موقع پر ختمِ نبوتﷺ چوک کی خصوصی آرائش کی جائے گی جبکہ شہر بھر میں صفائی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں روشنیوں اور تزئین و آرائش کے انتظامات مکمل کیے جائیں گے، جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے محرم الحرام کے دوران بھی بہترین انتظامات کیے تھے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ربیع الاوّل کے مقدس مہینے میں شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ رہیں گے۔