3

مون سون کی تباہ کاریاں، 24 گھنٹوں میں 8 افراد جاں بحق، 16 زخمی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ تفصیلات جاری کردی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق 26 جون سے اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 57 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 148 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 22 بچے، 18 مرد اور 17 خواتین شامل ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں 35 ریکارڈ کی گئیں، جبکہ پنجاب میں 10، آزاد کشمیر میں 7 اور بلوچستان میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب میں 72، خیبرپختونخوا میں 61، بلوچستان میں 13 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 270 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 189 مویشی سیلابی صورتحال کے باعث ہلاک ہوئے۔

ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں سے ساڑھے 4 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے