8

عمران خان سے ملاقات کا دن، سلمان اکرم راجہ نے نام جیل حکام کو بھجوا دیے

اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے پی ٹی آئی نے ملاقاتیوں کی فہرست جیل حکام کو بھجوا دی ہے۔

پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ کی جانب سے ارسال کی گئی فہرست میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، وکیل خالد یوسف چودھری اور علی زمان کے نام شامل ہیں۔

فہرست میں مرتضیٰ طوری، ملک احد اعوان اور رانا عبدالمنان کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے لیے کل منگل کے روز پی ٹی آئی رہنماؤں اور وکلا کی آمد متوقع ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی بھی اڈیالہ جیل آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ملاقات کے لیے جیل حکام کی جانب سے مقررہ ضابطہ کار کے تحت انتظامات کیے جائیں گے۔