8

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی صدر مسعود پزشکیان کا پیغام لے کر اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا، جبکہ پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے ایرانی وزیر داخلہ کو گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے اسکندر مومنی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

ایرانی وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تعاون اور مختلف اہم معاملات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔