7

پیٹرولیم ڈیلرزکا حکومت کی نئی پالیسی کی حمایت کا اعلان

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے نظام سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومیہ قیمتوں کا تعین سات روزہ رولنگ ایوریج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے طریقہ کار سے مارکیٹ میں شفافیت بڑھے گی، جبکہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم شعبے میں جاری اصلاحات، ڈیلرز کو درپیش مسائل اور قیمتوں کے نئے نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے یومیہ قیمتوں کے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی اصلاحاتی اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا۔

وفد نے آبنائے ہرمز کے بحران کے دوران ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے پر حکومت کو سراہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں بھی قیمتوں کا تعین سات روزہ اوسط قیمت کی بنیاد پر کیا جاتا تھا، تاہم نئے یومیہ نظام سے پیٹرولیم مارکیٹ مزید شفاف اور مسابقتی بنے گی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت ڈیلرز اور دیگر متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لے کر اصلاحات کا عمل آگے بڑھا رہی ہے، جبکہ ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

علی پرویز ملک کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور اوگرا کے درمیان اجلاس میں مارجن سمیت دیگر معاملات پر پیش رفت متوقع ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت صارف دوست، شفاف اور مؤثر پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔