78

خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور کی طالبات کی شاندار کامیابی، ریکارڈ گولڈ میڈلز حاصل

خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور کی ہونہار طالبات نے تعلیمی میدان میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ریکارڈ تعداد میں گولڈ میڈلز اپنے نام کر لیے۔ اس کامیابی پر تعلیمی حلقوں میں خوشی اور طالبات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق طالبہ قندیل مرتضیٰ نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 گولڈ میڈلز حاصل کر کے ریکارڈ قائم کر دیا۔ جب ان کا نام پکارا گیا تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی انہیں میڈلز پہنائے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

قندیل مرتضیٰ کا تعلق ہری پور سے ہے اور وہ ٹیلر ماسٹر کی بیٹی ہیں۔ ان کے والد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ان کے مطابق خاندان میں تعلیم کا رجحان نمایاں ہے، کیونکہ ایک بیٹی ایف آئی اے میں گریڈ 17 کی افسر ہیں، ایک نے پی ایچ ڈی مکمل کر لی ہے اور ایک بیٹا انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کر چکا ہے۔

اسی طرح طالبہ مقدس نے 10 گولڈ میڈلز جبکہ سبین نے 7 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔

یہ کامیابیاں نہ صرف طالبات کی محنت، لگن اور قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں بلکہ دیگر طلبہ کے لیے بھی ایک روشن مثال اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہیں۔