67

اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد، اہم شاہراہیں بند اور متبادل ٹریفک پلان جاری

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس دوران کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی بند رہے گا جبکہ سری نگر ہائی وے پر ٹریفک کی روانی مختلف اوقات میں متاثر ہو سکتی ہے۔

شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہیوی ٹریفک کے لیے اسلام آباد کا رخ نہ کریں۔ ٹریفک پولیس نے متبادل راستے بھی متعین کیے ہیں: جی 5، جی 6، جی 7، ایف 6 اور ایف 7 کے رہائشی مارگلہ روڈ کے ذریعے 9th ایونیو استعمال کریں، جبکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی 9th ایونیو کی جانب موڑا جائے گا۔

زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو کے ذریعے اسٹیڈیم روڈ اور مری روڈ، چاندنی چوک سے راول روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ بھارہ کہو اور راولپنڈی کے درمیان سفر کرنے والوں کے لیے کورنگ روڈ، بنی گالہ اور لہتراڑ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی صدر سے اسلام آباد آنے جانے والوں کے لیے کرنل شیر خان روڈ، فقیر ایپی روڈ یا 9th ایونیو کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید برآں، راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سمیت تمام پبلک اور ہیوی ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے۔ جی ٹی روڈ پر پشاور اور لاہور کے درمیان چلنے والی ہیوی ٹریفک کو متبادل راستے جیسے ٹیکسلا، چکری انٹرچینج اور موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

شہریوں کو تازہ ترین معلومات کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور ایف ایم 92.4 سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔