87

بجلی صارفین کیلئے اہم اطلاع: شام 5 سے رات 1 بجے تک لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری

اسلام آباد: پاور ڈویژن نے ملک بھر میں بڑھتی ہوئی بجلی کی طلب کے پیش نظر اہم فیصلے کرتے ہوئے پیک آورز میں لوڈ مینجمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق شام 5 بجے سے رات 1 بجے کے دوران روزانہ اوسطاً سوا دو گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے گی تاکہ بجلی کی بڑھتی کھپت کو کنٹرول کیا جا سکے اور مہنگے ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ اقدام نہ اٹھایا جاتا تو بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے فی یونٹ تک اضافہ ہو سکتا تھا، جبکہ موجودہ صورتحال میں بھی بجلی ڈیڑھ روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جولائی سے فروری تک صارفین کو 46 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا، جبکہ بہتر حکمت عملی کے باعث عالمی سطح پر ایندھن مہنگا ہونے کے باوجود بجلی کی قیمت میں 71 پیسے فی یونٹ کمی ممکن بنائی گئی۔

مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مقامی گیس کی فراہمی یقینی بنا کر فی یونٹ 80 پیسے اضافے کو روکا گیا، بصورت دیگر بجلی 5 سے 6 روپے فی یونٹ تک مہنگی ہو سکتی تھی۔

پاور ڈویژن نے تجویز دی ہے کہ کمرشل مارکیٹس کو وقت پر بند کرنے سے بجلی کی طلب کم ہو سکتی ہے اور قیمتوں میں مزید اضافے سے بچا جا سکتا ہے۔

حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ موجودہ عالمی حالات کے باوجود ملک میں بجلی کی پیداوار مستحکم ہے اور قومی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں۔