132

موٹر سائیکل مالکان کیلے بڑی خوشخبری، حکومت کا ریلیف پیکج تیار

لاہور: حکومت نے موٹر سائیکل مالکان کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ٹرانسفر فیس سمیت متعدد چارجز مکمل طور پر معاف کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق شہری اب موٹر سائیکل کی ملکیت اپنے نام منتقل کرواتے وقت نہ صرف ٹرانسفر فیس بلکہ دیگر اہم چارجز بھی ادا نہیں کریں گے۔ اس میں ایڈیشنل رجسٹریشن مارک فیس (1000 روپے) اور اسمارٹ کارڈ فیس (1300 روپے) بھی شامل ہیں، جو مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہیں۔

یہ اقدام وزیراعلیٰ کی جانب سے اعلان کردہ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت کیا گیا ہے، جس سے فائدہ اٹھانے کیلئے موٹر سائیکل کا اپنے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ شہریوں کی سہولت کیلئے حکومت نے ملکیت ٹرانسفر کو آسان اور مفت بنا دیا ہے۔

حکام کے مطابق اس فیصلے سے عوام کو مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا، جبکہ اس کا مالی بوجھ محکمہ ایکسائز خود برداشت کرے گا۔

یہ خصوصی رعایت 6 اپریل سے 5 مئی 2026 تک دستیاب ہوگی۔

ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ کے مطابق یہ سہولت لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس پر لاگو نہیں ہوگی، تاہم ٹرانسفر اور رجسٹریشن سے متعلق دیگر تمام چارجز بدستور معاف رہیں گے۔