97

خیبرپختونخوا حکومت مہنگائی سے نمٹنے کے لیے نئی کرائسز مینجمنٹ پالیسی کا اعلان

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے جلد نئی کرائسز مینجمنٹ پالیسی متعارف کرائے گی اور عوام کو مزید ریلیف دینے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تقریباً 45 فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جا چکی ہے، جو تشویشناک صورتحال ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقتی اور نمائشی اقدامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ مستقل اور دیرپا پالیسی اپنانا ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق حکمران عوام پر مسلسل بوجھ ڈال رہے ہیں جبکہ بحران سے نکلنے کے لیے کوئی واضح حکمت عملی نظر نہیں آتی۔

وزیر اعلیٰ نے وفاق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبے کا مکمل حصہ ادا نہیں کیا جا رہا اور قبائلی اضلاع کو مالی طور پر مکمل ضم نہ کرنا بھی وفاق کی ناکامی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے وسائل استعمال کر رہا ہے لیکن وفاق کی جانب سے مطلوبہ امداد فراہم نہیں کی جا رہی۔

سہیل آفریدی نے معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی کے باعث تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے، جس کے اثرات معیشت پر منفی انداز میں مرتب ہو رہے ہیں۔