68

وفاق ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کر رہا ہے: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق ضم اضلاع کے ساتھ مسلسل زیادتی کر رہا ہے اور یہ مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے ضلع خیبر کے قومی مشران اور قبائلی عمائدین پر مشتمل وفود نے ملاقاتیں کیں، جن میں عوامی مسائل، امن و امان اور ترقیاتی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ضم اضلاع کے لیے این ایف سی کی مد میں 1375 ارب روپے واجب الادا ہیں، جبکہ ضم اضلاع کے لیے وفاق کی جانب سے سات سال میں صرف 168 ارب روپے فراہم کیے گئے، اور 532 ارب روپے بقایا ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ضم اضلاع کے لیے ایک جامع ترقیاتی پیکج لا رہے ہیں، جس میں ہر ضلع اور ہر شعبے کے لیے منصوبے شامل ہوں گے تاکہ کوئی بھی علاقہ ترقی سے محروم نہ رہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی مشاورت سے تیراہ پیکج کی تیاری جاری ہے، باڑہ ڈیم کے لیے آئندہ مالی سال میں فنڈز مختص کیے جائیں گے جبکہ خیبر انڈسٹریل زون پر کام جاری ہے۔ علاوہ ازیں ضلع خیبر کے جبہ ڈیم کا مسئلہ حل ہو چکا ہے اور ریگی للمہ کے مسائل بھی قومی مشران اور عمائدین کی مشاورت سے حل کیے جائیں گے۔