وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان ہر وقت اور ہر صورت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور ضرورت پڑنے پر ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون کوئی نئی بات نہیں، دونوں ممالک طویل عرصے سے ایک دوسرے کے دفاعی مفادات کا خیال رکھتے آئے ہیں۔
مشرف زیدی نے بتایا کہ فیلڈ مارشل نے ریاض میں سعودی وزیردفاع سے ملاقات کے دوران مشترکہ دفاعی اقدامات پر بات کی، جبکہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار جنگ کے آغاز سے ہی ایرانی وزیرخارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو ہر صورت مستحکم رکھنے کے لیے تیار ہے اور دفاعی تعاون کے تمام مواقع بروئے کار لائے جائیں گے۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے اس استحکام کو خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔









