اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کو آذربائیجان کے راستے بحفاظت پاکستان واپس لانے کی ہدایت جاری کی۔ اجلاس میں ملکی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ تمام سکیورٹی ادارے موجودہ حالات کے پیش نظر الرٹ ہیں اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں، اور افواج پاکستان فیلڈ مارشل کی زیر قیادت بہترین انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔
شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر آذربائیجان کی حکومت سے رابطہ کرے اور ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے جامع اور مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ اجلاس میں زور دیا گیا کہ شہریوں کی حفاظت اور وطن واپسی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔









