16

خیبر پختونخوا: وزیر اعلیٰ نے لائیو اسٹاک منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا افتتاح کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، سہیل آفریدی نے لائیو اسٹاک منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایل ایم آئی ایس) کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسے جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ یہ جدید ڈیجیٹل نظام کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچانے اور انہیں بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

 

سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ ایل ایم آئی ایس کے ذریعے لائیو اسٹاک سروس ڈیلیوری میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر گورننس یقینی ہوگی، اور یہ لائیو اسٹاک سیکٹر میں اصلاحات کے نئے دور کا آغاز ہے۔

وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایل ایم آئی ایس کے تحت ٹول فری لائیو اسٹاک ہیلپ لائن قائم ہوگی جس کے ذریعے کسان براہ راست ماہرین سے رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ اس نظام کے تحت مویشیوں کی ویکسینیشن، علاج اور افزائش نسل کی سروسز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ ایل ایم آئی ایس سے لائیو اسٹاک سروس ڈیلیوری مرکزی ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہو گی، اور کسان، ویٹرنری اسپتال، موبائل کلینکس اور فیلڈ اسٹاف ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا ہوں گے۔ پہلی بار جیو ٹیگڈ فارمر اور لائیو اسٹاک کا ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا۔

بریفنگ کے مطابق نسل، عمر اور جنس پر مبنی ریکارڈ اور ادویات و ویکسین کی خریداری کی نگرانی ڈیجیٹل طریقے سے کی جائے گی، اور جانوروں کی شناخت QR کوڈ کے ذریعے کی جائے گی۔ بیماریوں کی نشاندہی کے لیے ریئل ٹائم نگرانی کا نظام فعال کیا جائے گا۔