25

ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک ہنگامی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک شدہ عناصر بھارتی پراکسی گروپ “فتنہ الخوارج” سے تعلق رکھتے تھے اور علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خارجی مارے گئے۔ ہلاک شدگان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جس سے علاقے میں ممکنہ خطرات کم کر دیے گئے۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خارجی کو ختم کیا جا سکے۔ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے نہ صرف دہشت گرد عناصر کا صفایا ہوا بلکہ علاقے میں عوام کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا گیا، جس سے مقامی شہریوں میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی۔