24

پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر خیبرپختونخوا میں بند سڑکیں کھول دی گئیں، ٹریفک بحال

پشاور: پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر خیبر پختونخوا پولیس اور صوبائی انتظامیہ نے مختلف مقامات پر بند سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کرنا شروع کر دیا ہے۔

خیبرپختونخوا اور پنجاب کو ملانے والا اٹک پل جی ٹی روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

صوابی انٹرچینج تاحال بند ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کو میانوالی اور چشمہ سے ملانے والی سڑکیں کھل گئیں، اور ڈیرہ اسماعیل خان اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ بھی کلیئر کر دیا گیا۔

پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے صوبے میں سڑکیں بند ہونے پر سخت نوٹس لیا تھا اور حکم دیا تھا کہ چند روز سے بند سڑکیں عوام کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہی ہیں، اور رولنگ پارٹی اپنے ہی صوبے کے لوگوں کو تکلیف دے رہی ہے۔

فیصلے کے بعد محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت عدالتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنائے گی اور چیف سیکرٹری اور آئی جی کے پی کی طرف سے آنے والی درخواستیں وفاقی حکومت پوری کرے گی۔

دوسری جانب شیر علی ارباب نے خیبرپختونخوا میں سڑکوں کی بندش کے باعث ٹریفک جام میں خاتون کی مبینہ ہلاکت پر غفلت کی ذمے داری قبول کی۔