وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر آسٹریا روانہ ہو گئے ہیں، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی پاکستانی وفد کے ساتھ شامل ہیں۔
وزیراعظم ویانا میں فیڈرل چانسلری میں آسٹرین چانسلر کرسچن اسٹاکر سے ملاقات کریں گے اور دونوں رہنما سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اہم کاروباری اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف آسٹریا بزنس فورم میں بھی شرکت کریں گے اور خطاب کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور اقتصادی ترقی پر زور دیں گے۔ اس کے علاوہ وہ پائیدار ترقی، عالمی امن اور خوشحالی کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم دورے کے دوران انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
یہ دورہ پاکستان اور آسٹریا کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور عالمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔









